چکوال، موٹروے ایم ٹو پر بس حادثے میں 5 افراد جاں بحق 17زخمی

مسافر بس راولپنڈی سے چشتیاں جارہی تھی، کلر کہار پہنچنے پر ڈرائیور کے بے قابو ہونے سے بس الٹ گئی، حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹرمنتقل کر دیا گیا،4 زخمیوں کی حالت تشویشناک

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 28 مارچ 2025 11:41

چکوال، موٹروے ایم ٹو پر بس حادثے میں 5 افراد جاں بحق 17زخمی
چکوال(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مارچ 2025)موٹروے ایم ٹو پر کلر کہار کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی جس میں پانچ افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے،مسافر بس راولپنڈی سے چشتیاں جارہی تھی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں و لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے وہاڑی جانے والی مسافر بس جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔ کلر کہار پہنچنے پر ڈرائیور کے بے قابو ہونے سے بس الٹ گئی۔ریسکیو کے مطابق فوری طور پر حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر کلر کہار منتقل کر دیا گیا جن میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بس میں پھنسے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت اور ان کے ورثاءسے رابطے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔موٹروے پولیس نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حادثے کے مقام کو محفوظ کر لیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے تاہم حتمی وجہ کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثناءایک اور افسوسناک حادثے میںشیخوپورہ میں موٹرسائیکل ٹرک سے ٹکرانے سے 2نوجوان جاں بحق ہوگئے۔بتایاگیا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پرجاثے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مالاکنڈ میں کار نہر میں گرنے سے 3 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔بتایاگیاتھا کہ حادثہ سخاکوٹ میں پیش آیاتھھا حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔حادثے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پہنچ گئیں تھیں لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بچہ بھی شامل ہے، حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی تھی۔