مینار پاکستان جلسہ، پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراض برقرار،عدالت نے ناقابل سماعت قرار دیدی

22 مارچ کے بعد اسی تاریخ سے متعلق درخواست نہیں دی جا سکتی، لگتا ہے یہ درخواست آپ نے خود تحریر کی ہے، نئی تاریخ کے حوالے سے متعلقہ کمیٹی میں درخواست دائر کریں ،عدالت

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 28 مارچ 2025 14:21

مینار پاکستان جلسہ، پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراض برقرار،عدالت نے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مارچ 2025)لاہور ہائیکورٹ کا مینار پاکستان پرجلسہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراض برقرار،عدالت نے سماعت ناقابل قرار دیدی،لاہورہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی 22 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا کہ 22 مارچ کے بعد اسی تاریخ سے متعلق درخواست نہیں دی جا سکتی۔

وکیل نے عدالت سے کہا کہ انتظامیہ کے تحریری حکم جاری نہ کرنے کے باعث تاخیر ہوئی، عدالت نے کہا کہ لگتا ہے یہ درخواست آپ نے خود تحریر کی ہے۔عدالت نے وکیل سے کہا کہ کیا آپ نے یہ درخواست پڑھی نہیں؟ نئی تاریخ کے حوالے سے متعلقہ کمیٹی میں درخواست دائر کریں۔بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی کی جلسے کی درخواست پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے ناقابل سماعت قرار دے دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روزقبل بھی لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی مینارپاکستان میں جلسے کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ جسٹس فاروق حیدر نے پاکستان تحریک انصاف کی 22 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست نمٹا دی تھی۔عدالت نے درخواست گزار کو ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی ہدایت کر کی تھی۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحریک انصاف کے نائب صدر اکمل باری کی درخواست مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر تے ہوئے رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا تھاکہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت کی درخواست مسترد کردی تھی اگر درخواست گزار چاہے تو ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کو چیلنج کر سکتا تھا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے جلسے کی اجازت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں عدالت کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں ڈپٹی کمشنر لاہورکاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت اس لئے نہیں دی جا سکتی کہ حال ہی میں ملک میں تین بار دہشت گردی کے واقعات ہوئے تھے۔

بنوں کینٹ پر حملہ، جعفر ایکسپریس پر دہشت گردی سمیت دیگر واقعات ہوئے تھے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق مخصوص تھریٹ الرٹ بھی جاری کیا گیا کہ فتنہ الخوارج نے 76 دہشت گرد ٹرینڈ کئے تھے جو پاکستان میں دہشتگردی کر سکتے تھے۔بعدازاں عدالت نے ڈی سی لاہور کی رپورٹ کی روشنی میں پی ٹی آئی کی 22 مارچ کو مینار پاکستان جلسے کی درخواست نمٹا دی تھی۔