ڈی پی او سرگودھا کی جانب سے شہدا پولیس کے خاندانوں کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام

جمعہ 28 مارچ 2025 14:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودھا محمد صہیب اشرف کی جانب سے شہدا پولیس کے خاندانوں کے اعزاز میں پولیس لائنز میں پُر تکلف افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد صہیب اشرف نے کہا کہ سرگودھا کےشہدا پولیس قربانی کی لازوال داستان لیے ہوئے ہیں، سرگودھا پولیس کے ان بہادرسپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہمارا قومی فرض ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

ڈی پی اومحمد صہیب اشرف کی جانب سے شہدا پولیس کے خاندانوں کے اعزاز میں افطار پارٹی میں ریجنل پولیس آفیسرسرگودھا محمد شہزاد آصف خان، کمشنر سرگودھا محمد جہانزیب،وفاقی وزیر صحت مختاراحمد بھرتھ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرخوشاب، ڈپٹی کمشنرسرگودھا، شہدا پولیس کی فیملیز، سیاسی و سماجی شخصیات، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

شرکا نے سرگودھا پولیس کے شہدا کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔یہ تقریب اس عزم کا اعادہ تھی کہ پولیس کے یہ شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی فیملیز کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا نے بڑے فخر کے ساتھ کہا کہ وہ 37 شہدا کے وارث ہیں اور ان کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت ہی ہمارا معاشرہ محفوظ اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے۔

آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او سرگودھا نے نہ صرف شہدا کے خاندانوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے بلکہ شہدا کے بچوں میں نقد انعامات بھی دیے، تاکہ ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھریں اور انہیں یہ احساس ہو کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے یہ تقریب صرف ایک رسمی تقریب نہیں تھی بلکہ ایک واضح پیغام تھا کہ ہماری پولیس اپنے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :