صحافت کے ذریعے قامی و مقامی سطح پر پسے طبقات کے مسائل کی نشاندہی میں صحافت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے،محمد رمضا ن اچکزئی، عبدالحئی

جمعہ 28 مارچ 2025 22:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز بلوچستان کے رہنمائوں محمد رمضا ن اچکزئی، عبدالحئی، عبدالباقی لہڑی، محمد یوسف کاکڑ، محمد یار علیزئی، محمد رفیق لہڑی اور سید آغا محمد نے کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب صدر عرفان سعید ، جنرل سیکرٹری ایوب ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافت کے ذریعے قامی و مقامی سطح پر پسے ہوئے طبقات کے مسائل کی نشاندہی میں صحافت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشرے میں ظلم و ناانصافی عروج پر ہے ۔ غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافت کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و صوبہ مشکل حالات سے گزر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں صحافیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے کر سماج دشمن اور انتشار پھیلانے والے عناصر کا محاسبہ کریں اور حق و صداقت پر مبنی معلومات عوام تک پہنچائیں۔

فیڈریشن کے رہنمائوں نے کوئٹہ بم دھماکہ اور گوادر سمیت دیگر علاقوں میں نہتے مزدوروں کو قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ او ر بلوچستان میں غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقہ لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ امن و امان برقرار رکھنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ عام شہری بالخصوص محنت کش طبقہ آئے روزدہشتگردی کاشکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرغون روڈ بم دھماکہ، کوئلہ کانوں، گوادر، تربت، سبی اور دیگر علاقوں میں بے گناہ شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں اور مزدوروں کے ورثاء کو مالی معاوضہ اور زخمیوں کے حکومتی سطح پر فوری علاج و معالجے کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک اور صوبوں میں امن و امان کے قیام کیلئے ٹھوس اور ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے عید سے قبل بلوچ یکجہتی کمیٹی کے گرفتار خواتین کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔