Live Updates

اپوزیشن کو اتحاد بنانا اشد ضروری ہے لیکن جے یوآئی اور پی ٹی آئی کے اختلافات ہیں

کے پی وزیراعلیٰ مولانا پر ذاتی حملے کریں گے تو ماحول خراب ہوگا،بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، لیکن باہر موجود ہر لیڈر کی بات میں تضاد نظر آتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی سے متعلق تحفظات ہیں۔ شاہد خاقان عباسی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 مارچ 2025 22:29

اپوزیشن کو اتحاد بنانا اشد ضروری ہے لیکن جے یوآئی اور پی ٹی آئی کے اختلافات ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 مارچ 2025ء ) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اتحاد بنانا اشد ضروری ہے لیکن جے یوآئی اور پی ٹی آئی کے اختلافات ہیں،کے پی وزیراعلیٰ مولانا پر ذاتی حملے کریں گے تو ماحول خراب ہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو اتحاد بنانے کی اشد ضرورت ہے، پی ٹی آئی کے اندر مسئلہ یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، پی ٹی آئی کے جو لوگ باہر ہیں ان میں ہر آدمی بات کرتا ہے اور پی ٹی آئی کے ہر لیڈر کی بات میں تضاد نظر آتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی سے متعلق تحفظات ہیں۔ جے یوآئی اور پی ٹی آئی کے اختلافات ہیں، لیکن بڑے مقصد کیلئے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔جب اپوزیشن کے لوگ ایک دوسرے پر تنقید کریں گے تو معاملات آگے کیسے چلیں گے؟کے پی وزیراعلیٰ مولانا پر ذاتی حملے کریں گے تو ماحول خراب ہوگا۔

(جاری ہے)

مولانا پر ذاتی حملوں کے حوالے سے بات ابھی تک سلجھ نہیں سکی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئندہ ہے کہ آئین وقانون کی حکمرانی کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں، 2018 تک حالات مختلف تھے اب مختلف ہیں۔ گزشتہ 7سال میں حکومت چلانے کا نظام بدل چکا ہے۔اختیارات کس کے پاس ہیں یہ بات واضح نہیں ہے۔6نہروں کی بات ہورہی ہے یہ کوئی نہیں بتا رہا کہ پانی کہاں سے آئے گا؟پنجاب اور سندھ دونوں کو پورا پانی نہیں مل رہا۔نہروں کے معاملے پر پنجاب اور سندھ میں گہری تشویش ہے۔

دوسری جانب ترجمان جے یوآئی اسلم غوری نے ایکس پر جاری اپنے ردعمل میں کہا کہ علی امین گنڈا پور عمران خان کی واضح ہدایات کے باوجود مولانا فضل الرحمان کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے، تحریک انصاف اور جےیوآئی کے درمیان فاصلوں کو بڑھانے کی سازش کر رہا ہے۔ گرینڈ اپوزیشن میں رکاوٹ سے حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کو فائدہ ہو گا۔ علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے گوربا چوف ہیں۔

پی ٹی آئی کو بیرونی نہیں اندرونی سازشوں سے خطرہ ہے، جب اپوزیشن اتحاد بننے کے قریب ہوتا ہے سازشی عناصر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔ اسلم غوری نے کہا کہ علی امین اپنی حکومت کو دوام دینے کیلئے اپوزیشن اتحاد سے خوفزدہ ہے۔ پی ٹی آئی قیادت پارٹی کے اندر سازشیوں پر نظر رکھے۔ اپوزیشن گرینڈ الائنس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ گنڈا پور نے علماء کی تضحیک کرکے اپنی گھٹیا ذہنیت کا اظہار کیا ہے۔علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں انکی توہین برداشت نہیں کی جائیگی۔ ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی وضاحت کرے علی امین کا علماء کے بارے میں بیان انکی پارٹی پالیسی ہے؟
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات