انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اور میانمار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

جمعہ 28 مارچ 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور میانمار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز نے دونوں اداروں کے درمیان تحقیقی تعاون اور مکالمے کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کردیئے۔ اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں میانمار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے چیئرمین سفیریو تھنٹ کیاو جبکہ آئی ایس ایس آئی کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سہیل محمود نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں میانمار کے سفیر وونا ہان اور ینگون میں پاکستان کے ناظم الامور انور زیب نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل، آئی ایس ایس آئی سہیل محمود اور ایم آئی ایس آئی ایس کے چیئرمین یو تھانٹ کیاو نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سہیل محمود نے اس بات پر زور دیا کہ دستخطوں کے بعد آئی ایس ایس آئی اور میانمار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فریم ورک کو مزید باضابطہ بناتا ہے۔

سہیل محمود نے دونوں اداروں کے محققین کی مشترکہ تحقیق پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے گہرے تعاون کی منزلیں طے ہو رہی ہیں۔ انہوں نے ینگون اور اسلام آباد میں قائم سفارتخانوں کے قابل قدر تعاون کا اعتراف کیا۔ انہوں نے آسیان کمیٹی اسلام آباد کی چیئر کے طور پر سفیر وونا ہان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ یو تھانٹ کیاو نے تعاون پر دونوں سفارتخانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دستخط اکتوبر 2024 کے ورکنگ پروٹوکول کے بعد باہمی تحقیق اور تعاون میں ایک اور سنگ میل ثابت ہوں گے۔ اس سے خیالات کے تبادلے کے مواقع بڑھیں گے اور باہمی تعاون کے ماحول کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک غیر معمولی سطح پر تبدیل ہو رہی ہے جس سے میانمار اور پاکستان سمیت ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔

سفیر نے میانمار اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کے ساتھ ساتھ تھنک ٹینکس کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انور زیب نے میانمار میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری کوششیں باہمی طور پر فائدہ مند نتائج اور دونوں طرف جاری خیر سگالی کا باعث بنیں گی۔ آئی ایس ایس آئی اور میانمار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے درمیان کامیاب تعاون پاکستان اور میانمار کے درمیان مضبوط شراکت داری کا ثبوت ہے اور مستقبل میں تعاون کے لیے ایک مثبت سمت کا اشارہ دیتا ہے۔