یورپی کمیشن نے 2030 تک کیڑے مار زہروں کے استعمال کو نصف کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ نجم مزاری

برآمدات کیلئے آرگینک خوراک ،مصنوعات کی سرٹیفکیشن پر مبنی پیداوار، لیبلنگ پر کام کرنا ہوگا ،ریسرچ سے وابستہ طلبہ سے گفتگو

ہفتہ 29 مارچ 2025 13:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء) انٹر پینیور و آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے تحقیقی ادارے پیسٹی سائیڈ کے بے جا استعمال کے نقصانات کے حوالے سے رپورٹس شائع کر رہے ہیں،یورپی کمیشن نے 2030تک کیڑے مار زہروں کے استعمال کو نصف کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ،پاکستانی حکومت کی جانب سے بھی حال ہی میں اس حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو خوش آئند ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریسرچ کے اداروں سے منسلک طلبہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرآرگینک خوراک اور مصنوعات کے مستقبل خصوصاً برآمدات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کے لیے موثر قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے ، برآمدات کے لئے آرگینک خوراک اور مصنوعات کی سرٹیفکیشن پر مبنی پیداوار، لیبلنگ اور مارکیٹنگ کے شعبوں میںکام کرنا ہوگا ، قانون سازی کے ذریعے پیسٹی سائیڈ کے بے جا استعمال کو روکا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مطالبہ کیا کہ آرگینک فارمز کی رجسٹریشن کے لیے ایک ادارہ قائم کیا جائے تاکہ پیداوار کے معیار کو جانچنے اور اس کی تصدیق کے عمل کی موثر نگرانی ہو سکے ۔قانون سازی پاکستان میں آرگینک خوراک کی مارکیٹ کو مزید مستحکم کرے گی اور صارفین کو محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انہوںنے کہا کہ عالمی سطح پر آرگینک خوراک اور مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے اس لئے پاکستان کو اس تناظر میں حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :