Live Updates

عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کے باعث جیل میں ہیں، شرجیل میمن

جمعرات 3 جولائی 2025 20:01

عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کے باعث جیل میں ہیں، شرجیل میمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم نے 93 ہزار 118 اساتذہ کو بھرتی کیا ہے۔ بھرتی کا عمل شفاف تھا، ایک بھی بھرتی سفارش پر نہیں ہوئی۔ عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کے باعث جیل میں ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے لیے سندھ بھر میں 49 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائیں گے۔چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔حکومت سندھ نے قانون کے تحت 11 شاہراہوں پر چنگ چی رکشہ پر پابندی لگائی تھی۔

(جاری ہے)

انتظامی معاملات چلانا سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔ چنگ چی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سامنے آرہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے 93 ہزار 118 اساتذہ کو بھرتی کیا ہے۔ بھرتی کا عمل شفاف تھا، ایک بھی بھرتی سفارش پر نہیں ہوئی۔ لاکھوں روزگار دینے والوں نے صرف نعرے لگائے اور عمل پیپلز پارٹی نے کیا۔ 93 ہزار خاندانوں کو روزگار بھی ملا ہے۔

5 ہزار بند اسکول دوبارہ کھل چکے ہیں جبکہ 55 لاکھ بچے سرکاری اسکولوں اور 40 لاکھ بچے نجی اسکولوں میں پڑھ رہے ہیں۔ پہلے 55 بچوں پر ایک ٹیچر کا ریشو تھا، اب 35 بچوں کے لیے ایک استاد میسر ہوگا۔ اساتذہ کی قلت اب ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بہترین طبی اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ روزگار کی فراہمی میں بھی سندھ حکومت سب سے آگے ہے۔

2100 افراد اقلیتوں کے کوٹے پر بھرتی ہوئے، 1330 خصوصی افراد کو بھی بھرتی کیا گیا۔ سوشل سیکٹر اور انفرااسٹرکچر کی بہتری میں بھی سندھ حکومت آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک و قوم کے لیے کچھ نہیں کیا، وہی الزامات کی سیاست کررہے ہیں۔ ایک سابق وفاقی وزیر جو کئی پارٹیوں میں رہ چکے ہیں وہ سیلاب کے وقت کے اعداد و شمار دے رہے ہیں۔ سیلاب کے بعد اسکولوں کی حالت بہتر کرنے میں وفاقی حکومت سے وہ مدد نہیں ملی جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔

کراچی میں ٹاؤنز سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ٹاؤن کی الگ الگ کہانی ہے، ، ہر ٹاؤن نے غلط کام نہیں کیا۔ کچھ ٹاؤنز نے پیسے آتے ہی روڈ بنانے کا کام بروقت کرلیا مگر کچھ ایسا نہیں کر سکے۔ جہاں جہاں جس کی غلطی ہے اس پر احتساب ہونا چاہیے سیاست نہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت پارکنگ فیس ختم کردی گئی ہے۔ مزید کوئی چارجڈ پارکنگ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کام صرف منفی سیاست اور تنقید ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ فتنے والی سیاست کی ہے۔ ایم کیو ایم کو بہت درد ہے تو بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے لیتے۔ ہم بانی پی ٹی آئی کی طرح کسی کو گالی نہیں دیں گے۔علی امین گنڈا پور کو اپوزیشن کی ضرورت نہیں ہے، پی ٹی آئی کو کسی اور سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا امن و امان کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے اور وہ اسے بہتر کرنے کے بجائے اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں کرتے ہیں۔ احتجاج کا سب کو حق ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ سڑکیں بند کردی جائیں۔ ریڈ زون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات