جناح انسٹیٹیوٹ کا نام تبدیل کرنا حکمرانوں کی چھوٹی سوچ کی عکاسی کرتا ہی: جاوید قصوری

جمعرات 3 جولائی 2025 20:01

جناح انسٹیٹیوٹ کا نام تبدیل کرنا حکمرانوں کی چھوٹی سوچ کی عکاسی کرتا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سے منسوب جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی کا نام تبدیل کرکے مریم نواز انسٹیٹیوٹ رکھنا خود نمائی کی آخری حد ہے ۔ ایسا طرز عمل موجودہ حکمرانوں کی چھوٹی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔

حکمرانوں کا بس نہیں چلتا ورنہ پاکستان کا نام تبدیل کر دیں ۔ ملکی تاریخ کے نا اہل ترین حکمران فارم 47کے ذریعے ہم پر مسلط ہو چکے ہیں ۔ ان خیالا ت کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا تک محدود ہے خزانے سے روزانہ اربوں روپے کے اشتہارات دینے کے با وجود پنجاب کے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔

(جاری ہے)

پورے صوبے میں عوام کو درپیش مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے ذریعے نماشائی اقدامات مصروف ہیں۔پورے سسٹم ہی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بارہ کروڑ عوام بے یارو مدگار ہیں ، سرکاری ادارے عوام کی تذلیل اور رشوت خوری کر رہے ہیں کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ۔ لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے ۔

حکمران ایک طرف اخراجات میں کمی کے نام پر ملازمتوں پر کلہاڑا چلا رہے ہیں تو دوسری طرف اپنے وزیروں، مشیروں،عوامی نمائندوں کی تنخواہوں اور مراعات میں ہوشربا اضافہ کر لیتے ہیں۔سرکاری خزانے کو من مانے اور من چاہے معاملات پر بے دریغ خرچ کیا جا رہا ہے۔ محمد جاویدقصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کی ناقص کارکردگی کے خلاف پنجاب بھر میں عوامی رابطہ کمیٹیاں بنائی ہیںجو یونین کونسل سطح پر کام کریں گئیں۔ عوامی کمیٹیاں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے طاقتور آواز بنیں گی، کمیٹیوں میں نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔