چھتیس گڑھ ،بھارتی فورسز نے قبائلی برادری کے مزید 16 افرادہلاک کردیے

ہفتہ 29 مارچ 2025 15:46

سکما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) شورش زدہ ریاست بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں فورسز نے قبائلی برادری کے خلاف پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید 16 قبائلی افراد ہلاک کر دیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر نکسل مخالف آپریشن کے دوران ریاست کے سکما ضلع کے کیرلپال میں کم از کم سولہ قبائلی ارکان کو ہلاک کر دیا جن کا تعلق سی پی آئی (ماو سٹ) سے تھا۔

ایک افسر نے بتایا کہ جمعہ کی رات کیرلاپال کے علاقے میں شروع کیے گئے آپریشن میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا آپریشن والے مقام سے اب تک 16 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں 20 مارچ کو ریاست کے بستر علاقے میں بیجا پور اور دنتے واڑہ اضلاع کے دو الگ الگ مقامات پر بھارتی فورسز نے سی پی آئی (ماو ¿ نواز) سے تعلق رکھنے والے کم از کم 30 قبائلی افراد کو ہلاک کیاتھا۔

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ یہ واضح حکم دے چکے ہیں کہ ان تمام لوگوں کو ہلاک کر دیا جائے جو بھارت سے علیحدگی اور ایک آزاد ریاست کی حمایت کر رہے ہیں۔شاہ نے X پر ہندی میں لکھا، "مودی حکومت نکسلیوں کے خلاف بے رحمانہ رویہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ان افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رہی ہے جو ہتھیار نہیں ڈال رہے ہیں۔تازہ ترین کارروائی کے ساتھ رواں برس اب تک ریاست میں 162 قبائلی افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-ماو ¿سٹ (سی پی آئی-ماو ¿سٹ) اور دیگر سول سوسائٹی گروپوں نے ان افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔