قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی کوئٹہ میں مختلف سیاسی، سماجی اور قبائلی شخصیات کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے دورے

ہفتہ 29 مارچ 2025 21:10

․کوئٹہ /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2025ء)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمدکے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے کوئیٹہ میں ان کے مرکزی مدرسہ میں گئے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کی عظیم علمی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد کی رحلت ملت اسلامیہ اور بالخصوص بلوچستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ قائمقام چیئرمین سینٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت فردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔ سیدال خان نے سیاسی، سماجی اور قبائلی رہنما وطن گران اچکزئی کے فرزند کی شہادت پر ان کی رہائش گاہ پشتون آبادپہنچ کر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینٹ نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان کے صبر کو سلام پیش کیا۔ سیدال خان نے معروف وکیل ارشد گجر ایڈووکیٹ کے داماد اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے ان کی رہائش گاہ کوئٹہ کینٹ بھی گئے ۔

انہوں نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ سیدال خان نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔