لاہور پارکنگ کمپنی نے چاند رات کیلئے انتظامات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے،نوید ورک

ہفتہ 29 مارچ 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر لاہور پارکنگ کمپنی نے عید کی شاپنگ کے ایام بالخصوص چاند رات کے لئے انتظامات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ ترجمان لی پارک کے مطابق پارکنگ سائٹس پر اوورچارجنگ روکنے کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو لی پارک اور ایم سی ایل کے اہلکاروں پر مشتمل ہیں۔

سی ای او لاہور پارکنگ نوید ورک نے خود بھی مختلف پارکنگ سائٹس کے اچانک دورے کئے اور شہریوں سے مقررہ پارکنگ فیس کی وصولی سے متعلق فیڈ بیک حاصل کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ لی پارک کے سٹاف میں خصوصی طور پر 400 جیکٹس تقسیم کر دی گئی ہیں جن پر شکایات کے اندراج کے لئے ہیلپ لائن 80010001 نمایاں طور پر درج ہیں۔ اس ضمن میں سی ای او نوید ورک نے کہا کہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اوورچارجنگ اور غیر قانونی پارکنگ پر ایک ہفتے میں 48 ایف آئی آرز درج کرائی گئیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو اوورچارجنگ کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اصول اپنایا گیا ہے۔ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور اوورچارجنگ کرنے والوں کو پولیس کے حوالے کریں گے۔