جماعت اسلامی اور دیگر حریت پسندکشمیریوں کے گھروں پربھارتی فورسز کے چھاپوں کاسلسلہ جاری

اتوار 30 مارچ 2025 13:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) بھارت کےغیرقانونی طورپر زیرتسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسزنے آزادی پسند کشمیریوں کوڈرانے دھمکانے اورہراساں کرنے کے لیے اپنی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ان کارروائیوں کے دوران خاص طور پر جماعت اسلامی اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کے ارکان کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس کے ایک افسر نے تصدیق کی کہ ضلع بارہمولہ میں سوپور کے متعدد علاقوں میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ یہ چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مارے گئے۔پولیس افسر نے دعویٰ کیاکہ چھاپے آزادی پسند لوگوں کی رہائش گاہوں پر مارے گئے جوامن عامہ کے لیے خطرہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ چھاپوں کے دوران ان ممنوعہ تنظیموں کی سرگرمیوں سے منسلک مواد کو ضبط کیا گیاہے جو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قاننو کے تحت مقدمے میں ثبوت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کے چھاپے مارے گئے ہیں۔