ڈاکٹر یاسمین راشد جیل میں بھی علاج معالجہ کرنے لگیں، عملہ اور دیگر قیدی خوش

اتوار 30 مارچ 2025 14:05

ڈاکٹر یاسمین راشد جیل میں بھی علاج معالجہ کرنے لگیں، عملہ اور دیگر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء)9مئی کے گھیرائو جلائو کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد جیل میں مریضوں اور جیل عملے کا علاج معالجہ بھی کر رہی ہیں۔ ایک ویب سائٹ کی رپورٹ میں جیل ذرائع کے حوالے سے کہا گیاہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں جیل کے اندر مشہور ہے کہ جب کوئی بیمار ہوتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ ڈاکٹر صاحبہ کو کہیں کہ وہ ہمارا معائنہ کردیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد جیل میں بیٹھ کر جو قیدی بیمار ہو جاتے ہیں ان کا علاج معالجہ کرتی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد ادویات تجویز کردیتی ہیں، جیل قیدی ڈاکٹر یاسمین راشد کی وجہ سے خوش ہیں، 70 سالہ بزرگ ہونے کے ناتے وہ سب کا خیال رکھتی ہیں۔جیل ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نہ صرف جیل میں قیدی ان سے اپنا چیک اپ یا علاج معالجہ کرواتے ہیں بلکہ کبھی کبھار خواتین پولیس اہلکار جو کوٹ لکھپت جیل میں تعینات ہیں اگر بیمار پڑ جائیں تو وہ بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے اپنا چیک اپ کروا لیتی ہیں۔ کافی قیدی اور پولیس والے ان کے علاج سے بہتر ہوئے ہیں۔