وزیر اعلی کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب عام شہری بن گئیں، بھیس بدل کر جناح ،چلڈرن ہسپتال کے دورے

مختلف کائونٹرز پر گئیں، وارڈز کا معائنہ، ادویات کی مفت فراہمی ،صفائی کا جائزہ لیا ،مریضوں کے لواحقین سے ادویات کی مفت فراہمی ،علاج بارے پوچھا وزیر اعلی نے عوامی شکایات پر 24 مارچ کو جناح ہسپتال لاہور کا اچانک دورہ کر کے بدانتظامی پر ایم ایس جناح ہسپتال کو معطل کر دیا تھا

اتوار 30 مارچ 2025 17:20

وزیر اعلی کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب عام شہری بن گئیں، بھیس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب عام شہری بن گئیں، بھیس بدل کر جناح ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کے دورے کئے -مریم اورنگزیب عام شہری کی طرح ہسپتال کے مختلف کائونٹرز پر گئیں، وارڈز کا معائنہ، ادویات کی مفت فراہمی، صفائی کا جائزہ لیا -مریم اورنگزیب نے زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے ادویات کی مفت فراہمی اور علاج کے بارے میں دریافت کیا -مریضوں کے لواحقین نے جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہسپتال میں صفائی ستھرائی، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی تک صورتحال میں نمایاں بہتری کا اعتراف کیا اور انہوں نے بتایا کہ تمام ادویات ہسپتال کی فارمیسی کے اندر سے مل رہی ہیں-اعلان کرکے عوام کو بتایا جا رہا تھا کہ ایمرجنسی وارڈ، ہسپتال میں داخل اور عارضی علاج کے لیے آنے والے تمام مریض ہسپتال کے اندر سے دوائی لیں-ہسپتال کی طرف سے مفت دوائی نہ ملنے کی شکایت کرنے کے لئے ہیلپ لائن کا بھی اعلان کیا جا رہا تھا -ریسپشن پر لگی سکرین پر زیر علاج مریضوں اور ان کی تعداد دکھائی جا رہی تھی -فارمیسی کے باہر سٹاک میں موجود ادویات کی تفصیل بھی سکرین پر جاری کی جارہی تھی -صفائی کا عملہ صفائی کر رہا تھا، ہر وارڈ کے باہر گارڈز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا -مریم اورنگزیب ایم ایس آفس بھی گئیں، کارکردگی پر وزیراعلی کی طرف سے ایم ایس سمیت تمام ڈاکٹرز اور عملے کی تعریف کی -وزیر اعلی مریم نواز شریف نے عوامی شکایات پر 24 مارچ کو جناح ہسپتال لاہور کا اچانک دورہ کیا تھا -بدانتظامی پر ایم ایس جناح ہسپتال کو معطل کر دیا تھا -وزیر اعلی پنجاب نے مفت ادویات کی عدم فراہمی اور مریضوں کو باہر سے ادویات خرید کر لانے کی صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا -وزیراعلی مریم نواز نے ہسپتالوں کی تمام فارمیسیز کے باہر سکرین آویزاں کرنے،سٹاک میں موجود ادویات کی تمام تفصیل عوام کو دکھانے، ہسپتال میں مفت دوائی کی فراہمی کے اعلانات کرنے اور ریسیپشن پر مریضوں کی آمد، علاج اور تعداد دکھانے کے احکامات دیئے تھی-وزیر اعلی مریم نواز شریف کے جناح ہسپتال کے دورے کے 6 دن میں ان ہسپتالوں میں نمایاں بہتری آئی ہے -