آزادجموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، مجموعی طور پر 13لاکھ 37ہزار8سو روپے کے جرمانے

اتوار 30 مارچ 2025 18:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) آزادجموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب اور دیگر لیباررٹریز کے ذریعے ٹیسٹنگ /تجزیاتی رپورٹس کی روشنی میں مجموعی طور پر 13لاکھ 37ہزار8سو روپے کے جرمانے کیے۔رمضان المبارک کے دوران 1181 ٹیسٹ لیے گئے۔ 16 لاکھ 08ہزار ورپے سے زائد کی مضر صحت اشیا (دودھ، پانی، آئل، مصالحہ جات، مشروبات، فرائنگ آئل وغیرہ)کو تلف کیا گیا۔

19کمپنیوں کی مصنوعات معیار پر پورا نہ اترنے کیوجہ سے آزادکشمیر میں پابندی لگائی گئی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی نے یکم رمضان المبارک سے مختلف فوڈ پریمسز/ اپنی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب و دیگر لیبارٹریز کے ذریعہ ٹیسٹنگ عمل میں لائی اور تجزیاتی رپورٹس کی بنیاد پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOS) پر مجموعی طور پر 337,800، 1 (تیرہ لاکھ سینتیس ہزارآٹھ سو روپے)کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے مختلف اشیا خور و نوش کے 1181 ٹیسٹ کئے گئے تجزیاتی رپورٹس کی بنیاد پر غیر معیاری اور مضر صحت اشیا (دودھ، پانی، گھی، آئل، مصالحہ جات، مشروبات و فرائنگ آئل وغیرہ) کو تلف کیا گیا جن کی مالیت تقریباً 16,08,260 (سولہ لاکھ آٹھ ہزار دو سو ساٹھ)روپے بنتی ہے۔

(جاری ہے)

مزید براں 19 ایسی کمپنیاں جو غیر معیاری اشیا کے کاروبار میں مصروف عمل تھیں اور آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور 2019 AJK Pure Food Regulations کے معیار اور (SOPs) پر پورا نہیں اترتی تھیں کی مصنوعات پر آزاد کشمیر میں فروختگی پر پابندی عائد کی گئی۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کیلئے جہاں حکومت آزاد کشمیر نے مطلوبہ فنڈز مہیا کئے وہیں معزز عدالت العظمی نے معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور خاص طور پر دودھ، پانی، بیکرز، بچوں کی کھانے پینے کی اشیا کو خصوصی طور پر چیک کرنے اور اس ضمن میں بلا تخصیص و با رعایت کارروائیاں کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔

فوڈ اتھارٹی کے ان اقدامات کو جہاں تاجران کا تعاون حاصل رہا وہاں عوام الناس اور سول سوسائٹی نے بھی اسے سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر معیاری اور خالص اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن بنائی جائے اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کا کاروبار کرنے والے مینو فیکچررز اور فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOS) کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جاتی رہیں گی اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائیگا۔