کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی آر ٹی اے پشاور اور پی ٹی اے خیبر پختونخوا کا چارسدہ اڈہ اور کوہاٹ اڈہ پر مشترکہ چھاپہ

اتوار 30 مارچ 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) عوامی شکایات پر کمشنر پشاور ڈویژن/چئیرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاض خان محسود کی زیر نگرانی آر ٹی اے پشاور اور پی ٹی اے خیبر پختونخوا نے چارسدہ اڈہ اور کوہاٹ اڈہ پر مشترکہ چھاپہ مار کر گاڑیوں کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی۔

(جاری ہے)

کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق جنرل بس سٹینڈ چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈ پشاور میں گاڑیوں کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی اور عید پر جانے والے مسافروں کو زائد کرایہ دینے پر مجبور کرکے دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی کوشش ناکام بنادی گئی. عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جنرل بس سٹینڈ چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈ پشاور میں گاڑیوں کی کمی کو پورا کرکے تمام مسافروں جن میں زیادہ تر طالب علم تھے، کو اپنے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا. اس موقع پر اڈہ منیجر کو متنبہ کیا گیا کہ اگر آئندہ اس قسم کی شکایت دوبارہ موصول ہوئی تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔