پولیس کامنشیات و شراب فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن ، 4 ملزمان گرفتار

اتوار 30 مارچ 2025 20:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) پولیس نے منشیات و شراب فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ ساہیوال نے عید الفطر کے موقع پر شراب کی غیر قانونی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے 150 بوتلیں اور 4 کین میں مجموعی طور پر 400 لیٹر شراب برآمد کر لی۔

یہ شراب عید الفطر کے موقع پر مختلف مقامات پر سپلائی کی جانی تھی۔ جبکہ ملزم موقع سے فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ایس ایچ او تھانہ میلہ عبدالمعبود نے عیدالفطر کے موقع پر زہریلی شراب کی سپلائی ناکام بنا دی۔ زہریلی شراب کشید کرنے والے ملزم عارف کو گرفتارکر لیا ملزم کے قبضہ سے شراب 120 لیٹر، لہن 100 لیٹر اور سامان کشید برآمد کر لیا۔

(جاری ہے)

انچارج چوکی فروکہ سب انسپکٹر لطیف فاروق نے کاروائی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم ذیشان حیدر کو گرفتارکر لیا ملزم کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ بندوق 12 بور رپیٹر برآمد کر لیا ۔علاوہ ازیں تھانہ عطاء شہید پولیس نے دوران کاروائی منشیات فروش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتارکر لیا ملزم شوکت کے قبضہ سے چرس 1 کلو 420 گرام جبکہ شہزاد کے قبضہ سے پسٹل 30 بور برآمد کر لیا ۔ملزمان کے خلاف منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کیا ہے مزید تفتیش جاری ہے ۔