چھتیس گڑھ،بھارتی فوجیوں نے قبائلی خاتون رہنما کو قتل کر دیا

منگل 1 اپریل 2025 17:10

رائے پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2025ء) بھارتی فورسز نے شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں ایک قبائلی خاتون رہنما کو قتل کر دیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قبائلی خاتون رہنما کو ریاست کے علاقے بستر میں واقع دانتے واڑہ اور بیجاپور اضلاع کی سرحد کے ساتھ واقع ایک جنگل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ہلاک کیا گیا۔

ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت رینوکا عرف چیتے عرف سرسوتی کے طور پر کی گئی ہے جو تلنگانہ کے ورنگل ضلع کی رہائشی تھی اورمبینہ طورپر اسکا تعلق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامائوسٹ سے تھا۔ایک پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پیر کی رات شروع ہونے والے آپریشن میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورسکے اہلکار شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا کہ مقتول خاتون ڈنڈکارنیا اسپیشل زونل کمیٹی کی میڈیا چیف تھی۔

اس کارروائی کے بعد رواں سال ریاست میں قبائلی افراد کی ہلاکتوں کی تعداد 163 ہو گئی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامائوسٹ اور دیگر سول سوسائٹی کے گروپوں نے ان ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ علیحدگی پسند مائو نوازطویل عرصے سے بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ہفتہ کے روز ریاست کے ضلع سکما میںبھارتی فورسز نے 16افراد کو مائونوازقراردیکر قتل کردیاتھا۔