بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ مارچ میں 5کشمیریوں کو شہید کیا

ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک اورکشمیری شہید،6 گرفتار

بدھ 2 اپریل 2025 10:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ مارچ میں 5کشمیریوں کو شہید کیا۔ان کشمیریوں کوپورے مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی 193کارروائیوں کے دوران شہید کیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے دو کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔

اس عرصے کے دوران، بھارتی فوج، راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، اسپیشل آپریشن گروپ اور این آئی اے اور ایس آئی اے جیسے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادروں نے 49کشمیریوں کو گرفتار کیا، جن میں بیشتر سیاسی کارکن، کشمیری نوجوان، تاجر اور طلبا شامل تھے۔

(جاری ہے)

ان میں سے کئی نظربندوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ (یو اے پی ای) اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔

مقبوضہ علاقے میں پرامن مظاہرین پر بھارتی پولیس کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم سے کم5 افراد زخمی ہوگئے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ کم سے کم 2 خواتین کی بے حرمتی بھی کی ۔بھارتی قابض انتظامیہ نے تاریخی جامع مسجدسرینگر کو مارچ کے مہینے میں شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید سمیت تین اہم مواقع پرسیل کردیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں انتہائی فرقہ پرست اور بدعنوان انتظامیہ نے اس عرصے کے دوران 19کشمیریوںکی جائیدادوں اوراراضی کو ضبط کیا، جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنما محمد فاروق رحمانی کی جائیداد بھی شامل ہے۔

یہ غیر قانونی ضبطگیاں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی کشمیریوں کا معاشی طور پرمفلوج کرنے اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کی مذموم حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ادھر بھارتی فوجیوں نے آج مسلسل 10ویں روز بھی ضلع کٹھوعہ میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھیں۔ فوجیوں نے ضلع کے علاقے پنجتیرتھی میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔

فوجی کارروائی 23مارچ کو شروع کی گئی تھی جو آخری اطلاعات آنے تک جاری تھی۔ علاقے کو سیل اور بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو علاقے میں دو کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا اور گھروں پر چھاپوں کے دوران ایک ہی خاندان کے 6نوجوانوں کو گرفتار کیا گیاہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے بین الاقوامی اداروں پر زوردیا کہ وہ حق خودارادیت سمیت کشمیریوں کی تمام بنیادی حقوق تک رسائی یقینی بنانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔ کشمیری گزشتہ 78برس سے اپنے بنیادی حقوق سے مسلسل محروم ہیں ۔