الخدمت فائونڈیشن کے تحت یتیم بچوں، سٹریٹ چلڈرن اور تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں میں عید گفٹس تقسیم کردیئےگئے

بدھ 2 اپریل 2025 18:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) الخدمت فائونڈیشن کے تحت گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی عیدالفطر کے موقع پر یتیم بچوں، سٹریٹ چلڈرن اور پیدائشی طور پر خون کی کمی کی وجہ سے تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں میں عید گفٹس اور نقد رقوم کی صورت میں عیدی فراہم کر دی گئی۔ اس سلسلے میں عید کے دوسرے روز بھی الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی ہیڈکوارٹر الخدمت ہائوس سکندر ٹائون پشاور میں صوبائی صدر خالد وقاص کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا کہ اس وقت صوبہ بھر میں الخدمت فائونڈیشن ساڑھے 5ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہا ہے جبکہ گلیوں محلوں اور ورکشاپس میں کچرے سے ناکارہ اشیاء جمع کر کے انہیں بیچ کر والدین کے ساتھ اپنے گھرانوں کی کفالت میں تعاون کرنے والے 850 سے زائد سٹریٹ چلڈرن اور پیدائشی طور پر خون کی کمی سے تھیلیسیمیا کے موذی مرض میں مبتلا 600 سے زائد بچے رجسٹرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے دوران الخدمت کے تحت معاشرے کے محروم طبقات کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والد کی شفقت سے محروم بچوں، سٹریٹ چلڈرن اور تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی لائق تحسین ہیں ، الخدمت فائونڈیشن وطن عزیز پاکستان میں خدمت انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کا ایسا بہترین ادارہ ہے جس کی بےلوث خدمات پوری قوم کے لئے باعث فخر ہیں۔