پیپلزپارٹی نے کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وہ آج تک نہیں بن سکا، اب نہریں بھی نہیں بننے دیں گے

کوئی بھی منصوبہ جو سندھ کیخلاف ہوگا پیپلزپارٹی کبھی اس کو قبول نہیں کرے گی، کچھ لوگ بغض میں نہروں کی مخالفت کم اور پیپلزپارٹی مخالفت زیادہ کرتے ہیں، وزیرمنصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 2 اپریل 2025 21:25

پیپلزپارٹی نے کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وہ آج تک نہیں بن سکا، اب نہریں ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 02 اپریل 2025ء ) وزیرمنصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی منصوبہ جو سندھ کے خلاف ہوگا پیپلزپارٹی کبھی اس کو قبول نہیں کرے گی،پیپلزپارٹی نے کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وہ آج تک نہیں بن سکا، اب دریائے سندھ پر نہریں بھی نہیں بننے دیں گے،کچھ لوگ بغض میں نہروں کی مخالفت کم اور پیپلزپارٹی مخالفت زیادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی پہلے دن سے ہی دریائے سندھ پر نہریں نکالنے کی مخالف ہے، ہمیں ان سیاسی جماعتوں کا بڑا احترام ہے جو اس مسئلے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے مخالفت کررہی ہیں، بھلے وہ ہمارے خلاف ہی بات کریں، لیکن کچھ لوگ بغض پیپلزپارٹی میں نہروں کی مخالفت کم اور ہماری مخالفت زیادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسا کوئی بھی منصوبہ جو سندھ کے خلاف ہوگا پیپلزپارٹی کبھی اس کو قبول نہیں کرے گی اور نہ اس منصوبے کو بننے دے گی۔ کالاباغ ڈیم بنانے کیلئے حکمران بضد تھے لیکن پیپلزپارٹی نے مخالفت کی وہ آج تک نہیں بن سکا۔ اب دریائے سندھ پر نہریں بھی بالکل نہیں بننے دیں گے۔ ہمیں پاکستان سب سے زیادہ عزیز ہے، لیکن متنازع منصوبے نہیں بننے چاہئیں، کیونکہ متنازع منصوبوں کا نہ بننا پاکستان کے مفاد میں ہے۔

اس موقع پر پی ایم ایل این کے رہنماء ، وزیرمملکت قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ دریائے سندھ پر نہریں نکالنے کے منصوبے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، صدر زرداری نے جولائی 2024 میں خود اس منصوبے کی منظوری دی۔ اس کومنظوری کو رسمی کہیں یا کچھ بھی لیکن آصف زرداری نے منظوری دی وہ اس بل کو واپس بھی بھیج سکتے تھے۔ سندھ حکومت کو اگر اتنا ہی اعتراض ہے تو زمین کی لیز پر بات کرتی، چولستان کو جو نہروں کے ذریعے پانی جائے گا وہ جہلم اور چناب سے پانی دیا جائے گا۔

پیپلزپارٹی کہتی ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے ، اگر پاکستان کا مفاد عزیز ہے تو نہروں سے چولستان میں زرعی انقلاب آئے گا۔ اس زرعی انقلاب سے چاروں صوبے مفید ہوں گے ۔کل یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں ان نہروں پر اعتراض نہیں لیکن ہم اپنے تحفظات بھی رکھتے ہیں۔