ضلع صحبت پور میں مفاد عامہ کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ، وزیر مواصلات و تعمیرات بلوچستان

جمعرات 3 اپریل 2025 13:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) وزیر مواصلات و تعمیرات بلوچستان میر سلیم خان کھوسہ نے کہا ہے کہ ضلع صحبت پور میں مفاد عامہ کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے صحبت پور کھوسہ ہاؤس میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحبت پور کشمور روڈ جلد مکمل کرنے کے لیے سرگرداں ہیں ، اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو سندھ اور پنجاب تک سفری سہولیات حاصل ہوگی اس سے ڈویژن سمیت بلوچستان بھر کے لوگ استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ضلع بھر میں تعلیم ،صحت، آبنوشی، نکاسی آب سمیت قدرتی آفات سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بہتر حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھا جائے، ہم عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، عوام کے اعتماد کو ہرگز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ نصیرآباد اکبر علی لاشاری سمیت عوام کی بڑی تعدا موجود تھی ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ آنے والے نئے مالی سال میں ضلع صحبت پور کے لیے مزید نئی سکیمیں پیش کی جائیں تاکہ عوام کا معیار زندگی مزید بہتر بنایا جائے اور لوگوں کوزندگی کی تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ، ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، جو منصوبے التوا کا شکار ہیں ان کی تکمیل ہماری اولین کوشش ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان عوام کے مفاد میں اقدامات کررہا ہے محکمہ کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کے لیے انجینئر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں، بلوچستان بھر میں بلڈنگز اور روڈ نیٹ ورک بہتر معیار کے مطابق تعمیر کئے جارہے ہیں، انفراسٹرکچر کی مکمل بحالی ہمارے منشور کا حصہ ہے ،نئی سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف لوگوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ عوام کا قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔