عید الفطر پر ایل ڈبلیو ایم سی نے صفائی انتظامات کیلئے جاری زیرو ویسٹ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا

جمعرات 3 اپریل 2025 15:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) عید الفطر پر شہر لاہور میں ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے شاندار صفائی انتظامات کے لیے جاری زیرو ویسٹ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔حکومتی نمائندگان،وزراء اور ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی چاند رات سے لے کر عید کے تیسرے روز تک ایل ڈبلیو ایم سی کا زیرو ویسٹ آپریشن جاری رہا۔ 15 ہزار ورکرز اور1400 سے زائد گاڑیاں تینوں شفٹوں میں تعینات رہیں۔

عید صفائی آپریشن کی ڈیجیٹل نگرانی سینٹرل کنٹرول روم سے مسلسل جاری رہی۔صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ملک بلال ذوالفقار کھوکھر اورسی ای او بابر صاحب دین نے مختلف علاقوں کے دورے کیے۔اس موقع پر فیلڈ میں متحرک سینٹری ہیروز سے ملاقات کی۔ صفائی پر مامور عملے میں حوصلہ افزائی کے لیے عیدی اور مٹھائی تقسیم کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین ملک بلال ذوالفقار کھوکھر کا عید پر خصوصی صفائی اقدامات کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔خصوصی صفائی اقدامات کے تحت عید ایام میں صاف ماحول کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے دیہات اور شہروں میں یکساں صفائی کا معیار فراہم کرنے کے خواب کی تعبیر کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 1500 سے زائد عید گاہوں اور جامع مساجد پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے گئے۔

عید گاہ جانے والے راستوں پر پانی کا چھڑکا اور چونے لگا کر سجایا گیا۔268 سے زائد قبرستانوں کے گرد بھی خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ صفائی سے متعلق شکایات و تجاویز کیلئے شہری ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کرنے والوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔