صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم

جمعرات 3 اپریل 2025 18:14

صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر کا بجلی کی قیمتوں میں کمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوام کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت کم کر کے عوام الناس کے لیے تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ یہ فیصلہ عوام کی فلاح کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس سے لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔

(جاری ہے)

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ مسلم لیگ ن ہی کی بدولت ممکن ہوا اور آج اس کمی سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ ملک کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی سے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ یہ ایک بڑا قدم ہے جو مختلف سیکٹرز پر بھی مثبت اثرات ڈالے گا، خصوصاً غریب طبقے کو اس کمی سے بہت فائدہ پہنچے گا۔ان کا کہنا تھا کہ غریب کی کمر سے بوجھ ہلکا ہوگا اور اس کمی سے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔