سوات ،عید الفطر کی تعطیلات، 3لاکھ سے زائد سیاحوں کا تفریحی مقامات کا رخ

جمعرات 3 اپریل 2025 23:04

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)سوات میں عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران مجموعی طور پر 3 لاکھ سے زائد سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا ، ان سیاحوں میں 74غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے ۔ سوات پولیس کے ترجمان کے مطابق عید الفطر کی تین دن کے دوران ملک بھر سے 50,977 گاڑیوں میں 3لاکھ 19ہزار879 سیاح سوا ت میں داخل ہوئے ۔ سوات پولیس اور ٹریفک وارڈنز نے باب سوات پر ان کا استقبال کیا اور ان کی رہنمائی کی ۔

سوات کے داخلی راستے باب سوات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات ناصرمحموداور ایس پی ٹریفک وارڈنز سوات حبیب اللہ خان نے بھی باب سوات کا دورہ کیا اور ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہا اور ان سے گھل مل گئے ۔

(جاری ہے)

اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعید الرحمان نے بتایا کہ سب سے زیادہ سیاحوں نے وادی کالام اور مالم جبہ کارخ کیا ۔

اسی طرح سیاحوں نے وادی مرغزار ،فضا گٹ ،گبین جبہ ،مدین ،بحرین ،میاندم اور دیگر تفریحی مقامات کا بھی رخ کیااور سوات کے حسین نظاروں اور خوشگوار موسم کے خوب مزے لئے ۔ انہوں نے بتایا کہ سوات آنے والے سیاحوں کی رہنمائی کے لئے ٹورزم پولیس بھی تعینات رہی اور جوانوں نے بخوبی اپنی خدمات انجام دیں۔سوات پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ باب سوات کے علاوہ منگلور ، کوکڑئی ،کالاکوٹ ،بحرین ،مدین اور کالام میں بھی سیاحوں کی رہنمائی کے لئے فیسلٹیشن سنٹرز قائم کئے گئے تھے ۔

جہاں پر پولیس جوان آنے والیسیاحوں کی مدد کے لئے موجود رہے اور ان کی رہنمائی کرتے رہے ۔ ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والے سیاحوں کو بھی ابتدائی طبی امداد کے انتظامات کئے گئے تھے اور اس دوران متعدد زخمی افراد کو فسٹ ایڈ دیکر اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ایس پی ٹریفک وارڈنز سوات حبیب اللہ خان نے بتایا کہ سوات میں جس طرح 5000 سے زائد پولیس جوانوں نے عید کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دئے تو اسی طرح ٹریفک وارڈنز کے 400 اہلکاروں نے بھی ٹریفک کورواں دواں رکھنے کے لئے خدمات انجام دیں اور سیاحوں کی رہنمائی کی ۔

ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں نے اس موقع پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہاکہ سوات کی مہمان نوازی کی کوئی ثانی نہیں ۔ یہاں پہنچ کر انسان کی ساری تھکان دورہوجاتی ہے اور یہاں کے دلفریب نظاروں میں انسان کھوجاتا ہے ۔