دوران سروس انتقال اور میڈیکلی ان فٹ ہوکر ریٹائر ملازمین کے بچوں اور بیوہ میں سے ایک کو ملازمت فراہم کی جائے، سید ذوالفقار شاہ

سینیٹری ورکرز، اسپتالوں اور فائر بریگیڈ کی خالی اسامیوں پر بھرتی میں ملازمین کے بچوں کو فوقیت دی جائے،سپریم کورٹ فوتگی کوٹے کے خاتمے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں کی جلد ازجلد سماعت کرکے انصاف فراہم کرے

جمعرات 3 اپریل 2025 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین سید ذوالفقارشاہ، صدر ملک نوید اعوان، جنرل سیکرٹری ملک نصیر الدین ہمایوں،غلام محمد ناز صدراتی تمغہ امتیاز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلے کے بعد سپریم کے 18 اکتوبر 2024 سے پہلے کی تاریخ میں دوران سروس انتقال اور میڈیکل ان فٹ ہوکر ریٹائرہونے والے ملازمین کو فوتگی کوٹے پر ملازمت دینے پر پابندی کا اطلاق نہ ہونے کا وضاحتی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جس سے فوتگی کوٹے پرملازمتوں کی درخوستیں دینے والے یتیم بچوں اور بیواؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ لہذا اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے بلدیاتی ادارے اپنے مرحوم ملازمین کے بچوں اور بیواؤں کو فوری طور پر ملازمتیں فراہم کریں۔ اور ایمرجنسی نوعیت کے اداروں کے سینیٹری ورکرز، اسپتالوں اور فائر بریگیڈ میں خالی اسامیوں پر مستقل ملازمتیں دی جائیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوتگی کوٹے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں کی فوری سماعت کرکے محروم بیواوں اور یتیم بچوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔