اترپردیش،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کے قریب نماز ادا کرنے پر عمر رسیدہ خاتون کے خلاف مقدمہ درج

جمعہ 4 اپریل 2025 12:07

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہمیر پور میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کے قریب نماز ادا کرنے پر ایک عمر رسیدہ مسلم خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے 71سالہ خاتون کے خلاف کارروائی ان کی نماز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کی۔ خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے ایک بیان میں کہاہے کہ ہمیر پور میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کے احاطے میں ایک خاتون کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی ہدایت پر سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ صدر نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ معمر خاتون کو گرفتار کرلیاگیاہے تاہم بعد ازاں اسے ذہنی طور پر غیر مستحکم ہونے کی وجہ سے چھوڑ دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹکے دفتر کی سیکورٹی کی ڈیوٹی پر مامور گارڈز کو غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیاہے۔