قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر بروقت قابو، بڑا سانحہ ٹل گیا: مریم اورنگزیب

جمعہ 4 اپریل 2025 19:28

قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر بروقت قابو، بڑا سانحہ ٹل گیا: مریم اورنگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2025ء) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جنگلات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ قاسم والا رحیم یار خان جنگل میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پانا محکمہ جنگلات کی انتھک محنت اور بہترین حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔سینئر وزیر نے بتایا کہ آگ عباسیہ کینال کے قریب بنجر علاقے سے شروع ہوئی اور فوری اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات نے فوری کارروائی کی۔

محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد کی مشترکہ کوششوں سے ممکنہ بڑا سانحہ ٹال دیا گیا۔پھکووال جنگل کے بلاک نمبر 1 میں لگی آگ پر رات 10 بجے مکمل قابو پایا گیا، جبکہ بلاک نمبر 2 کی آگ رات بھر کی کوششوں کے بعد صبح 9 بجے بجھا دی گئی۔

(جاری ہے)

سینیئر وزیر کے مطابق 100 سے زائد اہلکاروں اور افسران نے ریسکیو مشن میں حصہ لیا اور تربیت یافتہ فورس نے شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

آگ سے صرف چند ایکڑ پر موجود جھاڑیاں اور 45 چھوٹے درخت متاثر ہوئے، جبکہ جنگل کے بڑے حصے کو بچا لیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے ان تمام فیلڈ اسٹاف کی حوصلہ افزائی کا اعلان کیا جنہوں نے خطرات کے باوجود آگ بجھانے میں حصہ لیا۔واقعہ کی وجہ ایک نامعلوم شخص کی لاپرواہی قرار دی گئی ہے جس کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔