قانون کی عملداری میں کسی قسم کی نرمی اور کوتاہی نہیں برتی جائے گی

ملک دشمن عناصر، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کیخلاف ریاست پوری طاقت سے نمٹے گی، ریاستی ادارے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قانون پر پوری استقامت سے عملدرآمد کریں گے، کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 اپریل 2025 20:09

قانون کی عملداری میں کسی قسم کی نرمی اور کوتاہی نہیں برتی جائے گی
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اپریل 2025) کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قانون کی عملداری میں کسی قسم کی نرمی اور کوتاہی نہیں برتی جائے گی، ملک دشمن عناصر، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کیخلاف ریاست پوری طاقت سے نمٹے گی، ریاستی ادارے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قانون پر پوری استقامت سے عملدرآمد کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 268ویں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس کے دوران شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کانفرنس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ملک دشمن عناصر، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کیخلاف ریاست پوری طاقت سے نمٹے گی۔

(جاری ہے)

فورم نے اعادہ کیا کسی کو بلوچستان میں امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فورم کے شرکاء نے شہدائے افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، فورم کو خطےکی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی، فورم کو بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں پاکستان کی حکمتِ عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، فورم نے ہر قیمت پر بلا تفریق دہشتگردی کوختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، فورم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔ شرکاء نے کہا کہ بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی میں خلل ڈالنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا، غیر ملکی گٹھ جوڑ اور انتشار پھیلانے اور پروان چڑھانے کی کوششیں پوری طرح سے بے نقاب ہوچکی ہیں، ایسے عناصر اور ایسی کوششیں کرنے والوں کو کسی بھی قسم کی معافی نہیں دی جائے گی۔

فورم نے نیشنل ایکشن پلان کےدائرہ کار کے تحت عزمِ استحکام کی حکمتِ عملی کے تیز اور مؤثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا، فورم نے دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کے تعاون سے مشترکہ نقطہ نظر کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ان مذموم کوششوں کو بلوچستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے فیصلہ کن طور پر ناکام بنایا جائے گا، ریاستی ادارےآ ئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قانون پر پوری استقامت سے عملدرآمد کریں گے، قانون کی عملداری میں کسی قسم کی نرمی اور کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔