وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرکے بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل جیت لیے ہیں، عون علی سید

جمعہ 4 اپریل 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل نائب صدر عون علی سید نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی قیمتوں میں واضح کمی کے اعلان کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے اسے بزنس کمیونٹی کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر کہا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد بزنس کمیونٹی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے ایکسپورٹ کو مزید بڑھائے گی اور عوام کو بھی ریلیف میسر ہوگا۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے لیے پورے ملک کی بزنس کمیونٹی نے مطالبہ اٹھایا تھا جسے ایف پی سی سی آئی نے لیڈ کرتے ہوئے مشترکہ کوششیں کیں۔ اس مطالبے کی منظوری کے لیے فیڈریشن کے برسر اقتدار اور اپوزیشن گروپ دونوں ہی ایک پیج پر رہے۔

(جاری ہے)

رولنگ پارٹی کے ایس ایم تنویر سمیت میاں انجم نثار نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا جن کے ساتھ پوری بزنس کمیونٹی بھی شانہ بشانہ رہی۔

وفاقی حکومت اور بالخصوص وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے پاور سیکٹر سے قوم کو بڑے ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی ۔ انہوں نے کہا کہ اب بزنس کمیونٹی نے اپنی توانائیاں اس ریلیف کو ایکسپورٹ کے بڑھانے میں بروئے کار لانے کے لیے استعمال کرنی ہیں تاکہ ملک معاشی طور پر مستحکم ہو اور عوام تک اس کے بھرپور مثبت اثرات پہنچ سکیں۔

انکا کہنا تھا کہ اسی مقصد کو لے کر ملک میں کاروبار اور معیشت کی ترقی کے لیے 3 مئی کو نتھیاگلی میں بزنس کمیونٹی کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا جس میں ملک بھر سے کاروباری طبقے کی نمائندگی ہوگی اور مستقبل میں قابل عمل اور سود مند منصوبوں بارے تجاویز کو حتمی شکل دیتے ہوئے انہیں حکومت کے سامنے رکھا جائیگا۔ عون علی سید نے واضح کیا کہ ملک کی خاطر بزنس کمیونٹی کو بھی اختلافات کی نہیں تعمیر و ترقی کی سوچ اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا، تب ہی روشن مستقبل کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے گا۔