عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں

امریکا کی جانب سے عائد کیے جانے والے نئے تجارتی ٹیرف اور تیل کی پیداوار میں اضافے نے تیل کی عالمی منڈی میں ہلچل مچا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 اپریل 2025 20:29

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اپریل 2025) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں، امریکا کی جانب سے عائد کیے جانے والے نئے تجارتی ٹیرف اور تیل کی پیداوار میں اضافے نے تیل کی عالمی منڈی میں ہلچل مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق تیل کی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 2021 کی سطح پر آ گئی ہیں۔ جمعہ کے روز خام تیل کی عالمی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کے باعث تیل کی عالمی منڈی میں بھونچال جیسی صورتحال ہے۔ امریکی صدر کے ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کے بعد اوپیک ممالک نے تیل کی پیداوار بھی بڑھانے کا اعلان کردیا، جس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو کر 5 سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 5 فیصد سے زائد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی خام تیل 4.05 ڈالر کی کمی سے 66.09 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ جبکہ امریکی خام تیل 4.15 ڈالر کم ہو کر 62.80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ ماہرین کے مطابق تیل کی پیداوار آنے والے دنوں میں طلب کے مقابلے میں زیادہ رہ سکتی ہے، اسی باعث تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اوپیک تنظیم مئی کے ماہ میں تیل کی پیدوار میں مزید اضافہ کرنے کا عندیہ دے چکی۔ بتایا گیا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک امریکی صدر کے ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کا تیل کی پیداوار میں اضافے کے ذریعے مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
                       

متعلقہ عنوان :