ْبجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی ایم کیو ایم اور وفاقی حکومت کی اجتماعی کامیابی ہے، فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کی کاوشوں سے حکومت نے آئی پی پیز کے معاہدوں میں نظر ثانی کی، اسکے ثمرات آج عوام اور بزنس کمیونٹی کو پہنچ رہے ہیں،ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے ان ڈائریکٹ ٹیکس کا خاتمہ ہو تاکہ معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو سکے،پریس کانفرنس

جمعہ 4 اپریل 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر رہنماں ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق، نسرین جلیل و دیگر نے شرکت کی، فاروق ستار نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم رب تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں اس نے ہماری کوششوں پر کامیابی سے ہمکنار کیا، کل ایم کیو ایم پاکستان کے وزرا اور پارلیمنٹیرینز کو تاجر اور صنعتکار برادری نے شکریہ کے فون کئے، کراچی کے صنعتکاروں، کاروباری طبقے کے اس تشکر کو ایم کیو ایم وزیراعظم کو پیش کرتی ہے کیونکہ انہوں نے تاجروں کو بجلی کے نرخوں میں ریلیف دینے کا ہمارا یہ مطالبہ نہ صرف پورا کیا بلکہ اپنے ٹیکسوں سے ملک چلانے والے کراچی کے تاجروں کو سکھ کا سانس لینے کا موقع دیا۔

(جاری ہے)

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ایک بڑا تاریخی اقدام ہے جو ہماری مخلوط حکومت نے عوام اور تاجر برادری کو فراہم کیا ہے، اسکے علاوہ ایک اور بڑا ریلیف اسٹیٹ بنک کو قائل کر کے شرح سود میں 12 فیصد تک کمی کر کے حکومت نے عوام کو فراہم کیا جس میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، افراط زر تاریخ کی کم ترین سطح یعنی اعشاریہ 7 فیصد پر موجود ہے، قوی امید ہے کہ ان معاشی اقتصادی اعشاریوں کی بنا پر اسٹیٹ بنک آسان شرائط پر کاروباری قرضے فراہم کر سکے گی جس سے معاشی و اقتصادی صورتحال مزید بہتر ہوگی، فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال میں ہونے والی اس معاشی ترقی کی مثال پاکستان کی تاریخ میں ملنا مشکل ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی ہوگی اور روزگار میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی کاوشوں سے حکومت نے آئی پی پیز کے معاہدوں میں نظر ثانی کی اور اسکے ثمرات آج عوام اور بزنس کمیونٹی کو پہنچ رہے ہیں، ہم نے شہباز شریف صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کے عوامی اجتماع سے خطاب کے لئے کراچی تشریف لائیں جو کہ وزیراعظم سے بخوشی قبول کی ہے، انکا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ان ڈائریکٹ ٹیکس کا خاتمہ ہو، انکم ٹیکس اور ڈائریکٹ ٹیکس کے ذریعے محاصل کی وصولی ہو تاکہ معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو سکے، فاروق ستار نے کہا کہ ملک کو درپیش بڑے مسائل کے حل کے لئے ایک قومی مکالمے اور نیشنل ایجنڈے کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم اس مکالمے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ایم کیو ایم کے ذمہ داران موجود تھے۔