سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا تھانہ نیو ٹاؤن اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ،سمارٹ پولیس سٹیشن بنانے کی ہدایت اور طبی سہولیات کا جائزہ

جمعہ 4 اپریل 2025 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تھانہ نیو ٹاؤن اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر تھانہ نیو ٹاؤن کو سمارٹ پولیس سٹیشن بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تھانے میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی تنصیب، ٹوکن سسٹم کے آغاز اور عوام کی رہنمائی کے لیے نشانات آویزاں کرنے اور خواتین کے لئے انتظامات کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے تھانے میں ہوا اور روشنی کی فراہمی کیلئے اقدامات، عمارت کی مرمت، رنگ روغن اور داخلی علاقے کی صفائی کی بھی ہدایت کی۔ بعد ازاں پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور صحت سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے ہولی فیملی ہسپتال میں صفائی، ادویات کی فراہمی، علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کی ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد مزید بڑھانے اور چار میں سے دو بند پڑے آپریشن تھیٹرز بھی فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ سرجریز میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، عوام کو آگاہ کیا جائے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادوایات مفت مل رہی ہیں، مفت ادویات کی فراہمی کی ریکارڈنگ بند ہونے کانوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو فارمیسی کے باہر دوائیوں کی تفصیل سکرین پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی، سینئر صوبائی وزیر نے ہیلپ لائین اور ریکارڈنگ کے حوالے سے وارننگ بھی دی۔