پاکستان کی جانب سے زلزلہ متاثرین میانمار کے لیے امداد کی دوسری کھیپ روانہ

ہفتہ 5 اپریل 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نےمیانمار کےزلزلہ متاثرین کے لیے 70 ٹن ہنگامی فلاحی امداد روانہ کر دی۔ہفتہ کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امدادی سامان دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے روانہ کی گئی۔ خطے میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے باعث شدید نقصان کے پیش نظر یہ امداد روانہ کی گئی۔

(جاری ہے)

ایئر کارگو پرواز کے ذریعے 35 ٹن ضروری امدادی سامان پر مشتمل دوسری کھیپ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے میانمار کے شہر ینگون کے لیے روانہ ہوگئی۔ اس کھیپ میں خیمے، ترپال، کمبل، پانی کے ٹینک، ادویات اور تیار کھانے کے پیکٹ شامل تھے۔ امدادی سامان بھیجنے کا مقصد میانمار میں متاثرہ آبادی کو فوری امداد فراہم کرنا ہے۔قبل ازیں میانمار میں پاکستان کے مشن نے 35 ٹن امدادی سامان پر مشتمل پہلی کھیپ ینگون ریجن کے وزیر اعلیٰ کے حوالے کی جو متاثرین میں تقسیم کے لئے روانہ کی گئی ۔

حکومت پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان فلاحی بنیادوں پر امدادی کوششوں کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے اور ضرورت کے وقت میانمار کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔