شہداء وطن قوم کی حیات ہیں جنھوں نے قوم کے مستقبل کے لیے اپنے آپ کو قربان کیا،شرافت علی خلجی

اتوار 6 اپریل 2025 13:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ شہداء وطن قوم کی حیات ہیں جنھوں نے قوم کے مستقبل کے لیے اپنے آپ کو قربان کیا شہداء قوم کے ہیرو ہیں جنھیں قوم ساری زندگی بھلا نہیں سکتی ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ شہداء وہ مقدس ہستیاں ہیں جن کے بارے میں قرآن مجید میں آیات نازل ہوئیں کہ انھیں مردہ بھی مت کہو شہید کو مردہ کہنا بھی اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں کچھ افراد شہداء کی توہین اور ان کی شان میں گستاخیاں کررہے ہیں جس کی پوری قوم مذمت کرتی ہے۔

شہید زندہ ہیں اور ان کا مقام دنیا کے تمام مقام سے بلند ہے۔

(جاری ہے)

شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں ان کے خلاف توہین آمیز گفتگو کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ شہداء نے ہمارے مستقبل کے لیے اپنے والدین،بیوی،بچوں اور خاندان کے مستقبل قوم اور ملک پر قربان کیے جس کے باعث آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔تحریک پاکستان،تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کے سدباب کے لیے افواج پاکستان کی قربانیاں لازوال ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے مضبوط دفاع کے باعث بھارت کی اندورنی اور بیرونی سازشوں کے خلاف وطن عزیز اور پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے ہم سب ایک ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا شہداء اور شہداء کی فیملیز بھی ہمارے لیے عزت اور احترام کے مستحق ہیں۔