راولپنڈی،یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب

اتوار 6 اپریل 2025 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) راولپنڈی میں فلاحی تنظیم یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی نے فلاحی تنظیم کے نائب صدر سابق ٹیسٹ کرکٹر نوید قریشی کے ہمراہ انٹرنیشنل سپورٹس ڈے کا کیک کاٹا۔

شرکاء نے سفید کارڈ اٹھا کر کھیلوں میں امن کے جذبے کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس او شمس توحید عباسی نے کہا کہ 23 اگست 2013 ء کو اقوام متحدہ نے ترقی اور امن کے لیے کھیلوں کا عالمی دن ہر سال 6 اپریل کو منانے کا فیصلہ کیا تھا جو 1896 میں ایتھنز میں پہلے جدید اولمپک گیمز کے آغاز کا دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے "کھیلتا پنجاب پروگرام" شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹر نوید قریشی نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں امن کے فروغ میں کھیلوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ کھیل تمام ثقافتوں میں خیر سگالی، صحت مندانہ مقابلہ اور تعاون کے حصول کا ایک مثبت طریقہ ہے۔ کھیلوں کا عالمی دن صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔