صوابی، اراضی تنازعہ پر موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ ،موٹر سائیکل سوار جاں بحق ،بھائی معجزانہ طور پر بال بال بچ گئے

اتوار 6 اپریل 2025 18:20

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)موضع جلسئی میں اراضی کے تنازعہ پر موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ بھائی معجزانہ طور پر بال بال بچ گئے ، تحصیل ہسپتال لاہور میں عدم سہولیات ، پوسٹ مارٹم نہ کرنے اور مقتول کی لاش باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کرنے پر لواحقین اور عوامی نمائندوں نے احتجاج کیا، افسر علی سکنہ جلسئی محلہ بازار چم نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ شام مانکی بازار سے اپنے 42 سالہ بھائی مجاھد کے ساتھ اپنے موٹر سائیکل پر گھر کی طرف جا رہے تھے جب وہ بدو بیکی شاخ نزد مسجد ازاں گل فارس کے مقام پر پہنچے تو وہاں مسلح نیاز علی اور ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے روکنے کا اشارہ کیا ، اس دوران نیاز علی نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ان کا بھائی مجاھد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ وہ بال بال بچ گئے ، رپورٹ میں وجہ عناد تنازعہ اراضی بیان کی گئی ہے ، پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ، دریں اثنا لواحقین اور اہل علاقہ نے کہا کہ دو گھنٹے تک لاش تحصیل ہسپتال لاہور میں پوسٹ مارٹم کے لیے بے یار و مددگار پڑا تھا، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا کہ یہ انسان کی لاش ہے یا جانور، ہسپتال میں بلب تھا اور نہ ہی پوسٹ مارٹم کے لیے عملہ موجود تھا ،بعد میں لاش کو باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کرنے کا کہا گیا وہاں پر کوئی لاش پوسٹ مارٹم نہیں کرتے تاہم عوامی مداخلت پر پوسٹ مارٹم کیا گیا انہوں نے کہا کہ لاش کی پوسٹ مارٹم نہ کرنا انتہائی ظلم اور زیادتی ہے عنقریب جرگہ کرکے حکومت اور حکام سے تحصیل ہسپتال لاہور کو تالے لگا کر بند کرنے کا مطالبہ کریں گے۔