مانسہرہ، ماں اور کمسن بچی کے بہیمانہ قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار

اتوار 6 اپریل 2025 18:30

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) مانسہرہ پولیس نےماں اور کمسن بچی کے بہیمانہ قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتارکرلئے۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود جابہ میں جمعہ کے روز ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون مسماة (ر) کو اس کی سولہ ماہ کی بیٹی سمیت مبینہ طور پر اس کے اپنے گھر میں قتل کر دیا گیا۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کیا اور تفتیش کا آغاز کیا۔

ڈی پی او مانسہرہ کی زیر نگرانی ایس پی سٹی ، ایس پی انویسٹیگیشن ، ڈی ایس پی سٹی ، ایس ایچ او تھانہ صدر اور دیگر سینئر پولیس افسران پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تا کہ ملزمان کی فوری گرفتاری کی جا سکے اور انصاف کے تمام تر تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

سپیشل انویسٹیگیشن ٹیم نے جدید ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے اور دن رات مسلسل سرچ آپریشنز کے بعد کامیابی سے وقوعہ میں ملوث دو اہم ملزمان وصی شاہ ولد واجد شاہ اور عبد الرزاق شاہ ولد افسر شاہ کو گرفتار کر لیا۔

دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی پورے علاقے میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے حصوصی تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تفتیش میں ہر پہلو کو باریک بینی سے دیکھا جائے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :