’تمام اضلاع کی انتظامیہ کو واضح ہدایت ہے قومی شاہرائیں بند نہیں ہوں گی‘

سردار اختر مینگل کو بتادیا کوئٹہ کی طرف بڑھے تو گرفتاری ہوگی؛ ترجمان بلوچستان حکومت کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 اپریل 2025 18:57

’تمام اضلاع کی انتظامیہ کو واضح ہدایت ہے قومی شاہرائیں بند نہیں ہوں ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2025ء ) حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کو انتظامیہ نے ایم پی او کے آرڈرز سے آگاہ کردیا تھا لیکن سردار اخترمینگل نے گرفتاری دینے سے انکار کردیا انتظامیہ اور پولیس نے انہیں واضح بتایا کہ اگر وہ کوئٹہ کی طرف بڑھے تو گرفتاری ہوگی، تمام اضلاع کی انتظامیہ کو واضح ہدایت ہے کہ قومی شاہراہیں بند نہیں ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جس میں شاہد رند نے مزید کہا کہ اس وقت بی این پی کی جانب سے قومی شاہراہوں کی بندش کی کال دینا شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرناہے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو واضح ہدایت ہے کہ قومی شاہراہیں بند نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ 2018ء کی بینیفشری جماعتوں میں ایک قدر مشترک ہے کہ بیانیہ گھڑنا اس لیے دونوں یہی کام کررہی ہیں، سردار اختر مینگل کو صبح چھ بجے انتظامیہ نے ایم پی او کے آرڈرز سے آگاہ کردیا تھا لیکن سردار اخترمینگل نے گرفتاری دینے سے انکار کردیا، جس پر انتظامیہ اور پولیس نے انہیں واضح بتایا کہ اگر وہ کوئٹہ کی طرف بڑھے تو گرفتاری ہوگی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس لیے وہاں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے صوبے کی تمام شاہرائیں احتجاجا ً بند کرنے کا اعلان کیا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مستونگ میں لانگ مارچ کا سکورٹی فورسز نے محاصرہ کر رکھا ہے ممکنہ طور پر ہمارے خلاف آپریشن بھی کیا جائے گا، اس کے خلاف صوبے کی تمام شاہراہوں کو احتجاجا ً بند کررہے ہیں ، کسی بھی قسم کے خون خرابے یا انتشار کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

سردار اختر جان مینگل کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت لکپاس پر موجود ہیں اور ہمیں سیکیورٹی فورسز نے مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے، ہمیں اس صورتحال میں ہمارے خلاف ایک آپریشن ہوتا ہوا واضح طور پر دیکھائی دے رہا ہے، اسی لیے اس کے خلاف میں تمام اضلاع میں قومی شاہراہوں کو احتجاجاً بند کرنے کی کال دیتا ہوں تاکہ دنیا اس ناانصافی کو دیکھ سکے، ہم مکمل طور پر پرامن ہیں اور پرعزم رہیں گے، اگر خون خرابا یا کسی بھی قسم کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری حکومت اور مقامی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔