محکمہ وائلڈ لائف کاکومبنگ آپریشن، 8 ملزمان گرفتار،40 سے زائد دکانیں سیل

اتوار 6 اپریل 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت جنگلی حیات اور نایاب پرندوں کے تحفظ کے لیے جنوبی پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے کومبنگ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ، وزیراعلی نے صوبہ بھر میں غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیوں کے خاتمے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کو خصوصی ٹاسک دیا ہے۔ اتوار کو ترجمان کے مطابق محکمہ جنگلی حیات نے ڈائریکٹر جنرل مدثر ریاض ملک کی قیادت میں غیر قانونی وائلڈ لائف گودڑی،برڈ مارکیٹ، کبوتر منڈی ملتان پر چھاپے مارے اور سینکڑوں نایاب جانور و پرندے برآمد کئے گئے۔

گودڑی مارکیٹ سے برآمد پرندوں میں را طوطے، چکور، مور، فیزنٹ شامل ہیں جبکہ کبوتر منڈی میں پرندوں اور جنگلی جانوروں سے بھرے 8 ٹرک بھی تحویل میں لیے گئے، غیرقانونی کاروبار کرنے والے مافیا نے چھاپہ مارنے والی ٹیم پر تشدد اور فائرنگ بھی کی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان گرفتار اور40 سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گودڑی مارکیٹ میں فائرنگ کرنے والے دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لئے چھاپے جاری جبکہ غیر قانونی برڈ ڈیلرز کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، نئے وائلڈ لائف قانون کے تحت غیر قانونی کاروبار ناقابل ضمانت جرم جس پر 7 سال قید اور50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہے۔

وزیر اعلی مریم نواز نے مشترکہ آپریشن کرنے والی محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی اور اپنے پیغام میں کہا کہ آپ نے بہادری سے فرض کو انجام دیا جس پر آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی شدید مزاحمت کے باوجود قانون پر بہادری سے عمل کرانے والی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے، وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق پنجاب بھر سے غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیاں ختم کر رہے ہیں، پنجاب کے کسی بھی حصے میں غیر قانونی منڈی لگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر نے اپیل کی کہ شہری غیر قانونی وائلڈ لائف سرگرمی کی فوری اطلاع 1107 پر دیں۔