پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خوفناک مندی

ایک دن میں مارکیٹ 7 ہزار پوائنٹس کی مندی کا بھی شکار ہو گئی، پی ایس ایکس کی تاریخ میں ایک دن کے دوران ہونے والی مندی کے تمام ریکارڈ ٹوٹنے پر ٹریڈنگ روکنا پڑی

muhammad ali محمد علی پیر 7 اپریل 2025 18:32

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خوفناک مندی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل2025ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خوفناک مندی، ایک دن میں مارکیٹ 7 ہزار پوائنٹس کی مندی کا بھی شکار ہو گئی، پی ایس ایکس کی تاریخ میں ایک دن کے دوران ہونے والی مندی کے تمام ریکارڈ ٹوٹنے پر ٹریڈنگ روکنا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کا روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کیلئے انتہائی خوفناک ثابت ہوا۔

پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا، دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر پی ایس ایکس میں ایک دن کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ مندی کا ریکارڈ بھی ٹوٹا۔ پیر کے روز ٹریڈنگ کا آغاز ہونے کے فوری بعد ہی مارکیٹ میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بدترین مندی دیکھی گئی۔ مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث 45 منٹس کیلئے ٹریڈنگ روکی گئی۔

(جاری ہے)

تاہم ٹریڈنگ کے آغاز کے بعد بھی مندی کا رجحان تبدیل نہ ہو سکا اور ایک موقع پر مارکیٹ 7 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بھی مندی کا شکار ہو گئی۔ یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ ایک دن کے دوران مارکیٹ 7 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی کا شکار ہوئی۔ تاہم تمام دن مندی کے بادل کاروبار کے اختتامی سیشن کے دوران کچھ کم ہو گئے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام تک جزوی ریکوری ہوئی اور انڈیکس 3882 پوائنٹس کمی سے 114909 پوائنٹس پر بند ہوا۔ معاشی ماہرین کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خوفناک مندی کو دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں ہونے والی مندی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے بعد صرف 2 دنوں میں امریکی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 60 کھرب ڈالرز ڈوب گئے۔ جبکہ دنیا کی دیگر بڑی اسٹاک مارکیٹس بھی بدترین مندی کی لپیٹ میں ہیں۔ امریکی صدر کے فیصلے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج گزشتہ ہفتے تو مندی کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہی، تاہم آج نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی بری طرح کریش کر گئی۔