کمشنر ملتان کی زیر صدارت مصنوعی مہنگائی کی سرکوبی بارے جائزہ اجلاس

پیر 7 اپریل 2025 18:39

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت مصنوعی مہنگائ کی سرکوبی اور اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔پیر کو منعقدہ اجلاس کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں ایک روز میں 39490 انسپکشنز، 19 مقامات سربمہر، 73 گرانفروش گرفتار اور 1 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ۔

انہوں نے ہدایت دی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارکردگی مزید بہتر بناکر شہریوں کو ریلیف دیں، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور دکانوں پر پرائس لسٹ آویزاں کرائی جائیں، مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش کی طلب و رسد کو مانیٹر کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف ایکشن کی مختلف میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے، عوام میں بھی مصنوعی مہنگائی کنٹرول بارے آگاہی مہم چلائ جائے، شہری دکانوں پر سرکاری نرخ کی ریٹ لسٹ طلب کریں،مقرر شدہ قیمت سے زیادہ ہرگز ادا نہ کریں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گراں فروش ،ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی کا ٹاسک دیا ہے، عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، دودھ،دہی، چکن ، گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پریکٹیکل اقدامات کئے جائیں، بنیادی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔