قصور،ڈپٹی کمشنر کافیروز پور روڈاور کچہری کا دورہ

منگل 8 اپریل 2025 17:16

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر عمران علی نے صبح سویرے فیروزپور روڈ اور کچہری چوک کا دورہ کیا، ٹریفک نظم و ضبط کی صورتحال کا، ستھرا پنجاب مہم اور انسدادِ تجاوزات کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کی ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔فیروزپور روڈ کے دورے کے دوران ڈی سی کی ہدایت پر غیر قانونی پارکنگ میں ملوث 2گاڑیوں پر چار، چار ہزار روپے جرمانہ عائد جبکہ ایک شخص کو موقع پر ہی حوالہ پولیس کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مسافروں سے براہ راست بات چیت کی اور ان سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا تاکہ ٹرانسپورٹ مافیا کی روک تھام اور عوامی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔عمران علی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ شہری سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور خلاف ورزیوں پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر جاری صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیوں کا معائنہ کیا اور افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی راستوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر سے ہر قسم کی رکاوٹیں اور تجاوزات فوری طور پر ہٹائی جائیں تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک بنانا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ گھر بیٹھ کر تنخواہ لینے والوں کو خبردار کیا جا رہا ہے، اب صرف حاضری نہیں بلکہ عملی کارکردگی دیکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسران یا ملازمین صرف تنخواہیں وصول کر کے کام سے گریز کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے میدان عمل میں نظر آئیں، صرف کاغذی کارروائیوں سے نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔ صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مستقل اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ شہر کو خوبصورت اور منظم بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ ایک صاف ستھرا ماحول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔\378