مقبوضہ کشمیر ،الجزیرہ نے پراسرار اموات کے بارے میں بھارتی حکام کے دعوئوں کو مسترد کردیا،امیت شاہ کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ ایک سیاسی ڈرامہ ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس

منگل 8 اپریل 2025 18:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) الجزیرہ کی ایک رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی پراسرار اموات کو ڈوبنے یا خودکشی کانتیجہ قراردینے کے بھارتی حکام کے دعوئوں کو چیلنج کیاگیاہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رپورٹ میں گوجر قبائلی برادری کیلئے بڑھتے ہوئے خطرے کو اجاگر کیا گیا ہے،فروری میں ضلع کولگام سے لاپتہ ہونے والے دو بھائیوں ریاض اور شوکت احمد کی ایک نہر سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں،ان کے جسموں پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے،متاثرہ خاندان نے بھارتی حکام کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

الجریدہ نے اپنی رپورٹ میں دونوں نوجوانوں کی موت کو دوران حراست گمشدگی یاماورائے عدالت قتل کانتیجہ قراردیا ہے ۔ دونوں بھائیوں کے ساتھ لاپتہ ہونے والاایک اور نوجوان مختار احمد اعوان تاحال لاپتہ ہے جس سے متاثرہ خاندان کے خدشات کو مزید تقویت ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

کٹھوعہ اور دیگر اضلاع میں گوجر برادری کے ارکان پردوران حراست تشدد اور جعلی مقابلوںمیں قتل سمیت اسی طرح کے واقعات بھارتی ریاستی دہشت گردی کی واضح مثال ہے ،الجزیرہ کی رپورٹ مقبوضہ علاقے میں پسماندہ کمیونٹیز کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کے خدشات کی توثیق کرتی ہے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک سیاسی ڈرامہ قرار دیا ہے، جس کا مقصد مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے عالمی برداری کی توجہ ہٹانا ہے۔حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امیت شاہ کا دورہ مقبوضہ کشمیرمیں امن اور حالات معمول کے مطابق دکھانے کی ایک کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا دورہ ریاستی جبر اور بین الاقوامی قوانین کی منظم خلاف ورزیوں کو چھپانے کی ایک وسیع تر پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ امیت شاہ کے دورے کی کشمیریوں کیلئے کوئی اہمیت نہیں ، جنہیں بھارت کے غیر قانونی فوجی تسلط کی وجہ سے شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔نیشنل کانفرنس، کانگریس، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامارکسسٹ کے علاوہ کشمیر اسمبلی کے آزادارکان نے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔

ارکان نے ایوان میں متنازعہ ایکٹ پر بحث کرانے سے سپیکر کے انکار پر احتجاج کیااوراسمبلی کے داخلی دروازے پر دھرنا دیا۔ نیشنل کانفرنس کے رکن الطاف کلو نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے اور متنازعہ ایکٹ پر بحث کو روکنے پر بی جے پی پر کڑی تنقید کی ہے۔