Live Updates

بیرسٹر گوہر کی ملاقاتیں؛ علی امین گنڈاپور اور دیگر پارٹی رہنما اختلافات ختم کرنے پر راضی ہوگئے

بڑی پارٹیوں میں اختلافات ہوتے ہیں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ٹوٹ پھوٹ ہوگئی، پارٹی رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ اختلافات سے مسائل بڑھیں گے؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 اپریل 2025 17:01

بیرسٹر گوہر کی ملاقاتیں؛ علی امین گنڈاپور اور دیگر پارٹی رہنما اختلافات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور تحریک انصاف کے دیگر پارٹی رہنما اختلافات ختم کرنے پر راضی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، اس دوران انہوں نے ناراض رہنماؤں کو راضی نامہ کرنے پر آمادہ کرلیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے اس سلسلے میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق صوبائی وزراء عاطف خان اور شہرام ترکئی سے ملاقات کی، ان ملاقاتوں میں علی امین گنڈا پور نے دیگر پارٹی رہنماؤں سے اپنے اختلافات ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی، اسی طرح اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی نے بھی اختلافات ختم کرنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کے لیے کوشش کی ہے، علی امین گنڈاپور نے معاملات سلجھانے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے، بڑی پارٹیوں میں اختلافات ہوتے ہیں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ٹوٹ پھوٹ ہوگئی، پارٹی رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ اختلافات سے مسائل بڑھیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کوشش کر رہے ہیں تو اختلافات سے ان کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

جب کہ مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخواہ بیرسٹر محمد علی سیف کہتے ہیں کہ مخالفین پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کی خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کرکے خوش فہمی میں مبتلا نہ ہوں، پی ٹی آئی میں معمولی اختلافات کو بڑھا کر پیش کرنا محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے، پی ٹی آئی میں اختلافات سے کہیں زیادہ اختلافات تو شریف خاندان میں ہیں، شریف خاندان میں اقتدار کےحصول کی جنگ ہر وقت جاری رہتی ہے، پیپلز پارٹی کو بھی بھٹو کے اصل وارث کی فکر کرنی چاہیئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات