پاکستان علما کونسل نے 11اپریل کو ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان

اسرائیل پورے عالم اسلام کو نشانہ بنا رہا ہے، گریٹر اسرائیل کی سازش کو عملی جامہ دینے کیلئے اسلام ، مسلمان دشمن قوتیں متحرک ہو چکی ہیں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے فلسطین کے مسئلہ پر ہمیشہ اہل فلسطین کی تائید و حمایت کی ہے‘چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا اسلام آباد میں مظلوم فلسطین سیمینار سے خطاب

منگل 8 اپریل 2025 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)اسرائیل پورے عالم اسلام کو نشانہ بنا رہا ہے، گریٹر اسرائیل کی سازش کو عملی جامہ دینے کیلئے اسلام ، مسلمان دشمن قوتیں متحرک ہو چکی ہیں،پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ممالک ہیں جن کا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں ہے،فلسطین کے مسئلہ پر سعودی عرب کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں،پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے فلسطین کے مسئلہ پر ہمیشہ اہل فلسطین کی تائید و حمایت کی ہے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلامی تعاون تنظیم ، عرب لیگ اور دنیا اسلام کی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات کا اجلاس مکہ مکرمہ میں فوری طو رپر بلایا جائے ، گریٹر اسرائیل کا خواب دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے ، غزہ اور فلسطین اہل غزہ اور فلسطین کا ہے اور پوری امت مسلمہ ان کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک کے اندر اہل فلسطین کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں اور احتجاج کو پر امن رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکرحمید صابری، مولانا نائب خان ، مولانا سعداللہ ہزاروی، مولانا حافظ مقبول احمد، مولانا حفیظ الرحمن، مولانا افضل شاہ اور دیگر نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کا خواب پورا کرنے کیلئے اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں متحرک ہو چکی ہیں۔

اسرائیل عملی طور پر گریٹر اسرائیل کیلئے شام ، لبنان ، یمن پر حملے کر رہا ہے اور اسلامی ممالک کو دھمکیاں دے رہا ہے ۔ عالم اسلام میں پاکستان اور سعودی عرب وہ دو ممالک ہیں جن کا اسرائیل سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے ۔ اسرائیل کے مسئلہ پر امت مسلمہ کا موقف متفقہ ہے اور اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کیلئے فوری طور پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مکہ المکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم ، عرب لیگ ،اور دنیا اسلام کی اہم ترین شخصیات کا اجلاس بلائیں۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کل بھی اہل فلسطین کے ساتھ تھی آج بھی اہل فلسطین کے ساتھ ہے ۔ اہل اسلام کو اسرائیلی اور یہودی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی ، مذہبی و عسکری قیادت کی طرف سے فلسطینی عوام کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جارحیت کر رہا ہے اور ہر امن پسند انسان کو اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ 11 اپریل کو ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔ ملک بھر میں پر امن احتجاجی مظاہرے اور اجتماعات ہوں گے۔