کمشنر ملتان ڈویژن کی زیر صدارت ٹریفک مسائل کے حل بارے اجلاس کا انعقاد

منگل 8 اپریل 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) کمشنر عامر کریم خان کی زیر صدارت ٹریفک مسائل کے حل بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے جدید ترین اشارے نصب کیے گئے ہیں، کئی گز کے فاصلے سے ڈرائیور کو معلوم ہوجاتا ہے کہ سگنل سرخ ہونے والا ہے یا سبز۔ یہ نظام ڈرائیورز کو رفتار کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے جو کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔

ابتدائی طور پر یہ جدید اشارے ملتان کے دو مقامات عیدگاہ، نواں شہر پر نصب کیے گئے ہیں اور مستقبل میں مزید مقامات پر ان کی تنصیب کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے مرکزی چوراہوں، بشمول بوسن روڈ پر واقع نو نمبر چوک، کو ختم کر کے جدید وسیع سٹرکوں ، سلپ ویز، انفراسٹرکچر میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس میں سڑکوں کی توسیع بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور مستقل بہاؤ کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک جام کے مسائل کا مؤثر حل نکل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر، شہر کے مختلف پارکنگ پلازوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور ان کی حدود مقرر کی گئیں تاکہ گاڑیوں کی پارکنگ کو منظم کیا جا سکے۔ پیدل اور ٹیم کے ہمراہ کیے گئے اس معائنے کے دوران یہ طے کیا گیا کہ تمام پارکنگ پلازہ اپنی مخصوص حدود میں پارکنگ فعال کریں، یا متبادل کے طور پر ویلے پارکنگ سسٹم متعارف کرائیں۔

ان اقدامات کے نتیجے میں، عید جیسے مصروف ایام میں بھی ٹریفک جام کی کوئی صورتحال دیکھنے میں نہیں آئی، جو ان اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ غیر ضروری روڈ کٹ کو بند کیا گیا جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی ۔انہوں نے کہا کہ بوسن روڈ پر قائم آفیسرز کالونی میں روزانہ 14 ہزار بچے تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں جس سے سکول کے اوقات میں شدید ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔

اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے احاطے میں مخصوص پارکنگ کا انتظام کریں اور والدین کے لیے پک اینڈ ڈراپ کے تحت بس سروس کا آغاز کریں۔ اسی طرح نجی اسپتالوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی مخصوص پارکنگ کا انتظام کریں تاکہ مریضوں کے تیماردار سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں جو ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم شروع کی گئی ہے تاکہ سڑکوں کو کشادہ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

ان تمام اقدامات کا مقصد ایک جدید، منظم اور بلا رکاوٹ ٹریفک نظام قائم کرنا ہے جو شہریوں کی سہولت اور شہر کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ٹریفک مسائل بارے متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں جلد ہی شہریوں کو بہتری نظر آئے گی۔ جلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم سی ٹی او ملتان سردار ماواہرن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیع شیخ، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ راؤ زکا نے تفصیلی بریفنگ دی۔