وزیراعلی مریم نواز ترک خاتون اول کی دعوت پرترکیہ کا دورہ کریں گی

منگل 8 اپریل 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز ترک خاتون اول کی خصوصی دعوت پر چوتھی اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کی تین روزہ تقریب میں شرکت کے لئے ترکیہ کا دورہ کریں گی۔ ترکیہ کی خاتون اول ایمنہ اردوان نے وزیراعلی مریم نوازشریف کوانا طولیہ ڈپلومیسی فورم سے خصوصی خطاب کی دعوت بھی دی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازکے اعزاز میں خصوصی ثقافتی تقریب اناطولیہ بھی منعقد کی جائے گی۔

ترکیہ کی خاتون اول وزیراعلی مریم نواز کو اپنے دعوت نامہ میں پیغام دیا کہ مجھے اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں آپ کی شرکت سے بے حد خوشی ہوگی۔ امید ہے کہ آپ اناطولیہ کانفرنس میں میزبانی کا شرف ضرور عطا کریں گی۔ منتظم ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مریم نواز کی اے ڈی ایف 2025 میں شرکت گرانقدر ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

انا طولیہ ڈپلومیسی فورم کا عنوان منقسم دنیا میں سفارتی روابط کی بحالی ہوگا۔

اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت، ممتازسفارتکاروں،رائے عامہ کے لیڈرز اورچیدہ چیدہ شخصیات شریک ہونگی۔ وزیراعلی مریم نواز اناطولیہ کانفرنس کے دوران اے ڈی ایف لیڈرز پینلز میں شرکت کریں گی۔ وزیراعلی مریم نواز اے ڈی ایف ٹاکس اور اے ڈی ایف راونڈز کا بھی حصہ ہونگی۔ وزیراعلی مریم نواز منقسم دنیا میں مستقبل کی تشکیل او ر علم سے تبدیلی کی طاقت کے عنوان سے خصوصی خطاب کریں گی۔