ایلون مسک نے وائٹ ہائوس کے تجارتی مشیرپیٹرنیرو کو احمق قرار دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف پر ان کی اپنی کابینہ میں بھی لڑائیاں شروع ہوگئیں،رپورٹ

بدھ 9 اپریل 2025 16:39

ایلون مسک نے وائٹ ہائوس کے تجارتی مشیرپیٹرنیرو کو احمق قرار دے دیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف پر ان کی اپنی کابینہ میں بھی لڑائیاں شروع ہوگئیں، ایلون مسک نے وائٹ ہائوس کے تجارتی مشیر پیٹر نیرو کو احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اینٹوں کا ڈھیر بھی اس سے زیادہ عقلمند ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں، خصوصا ٹیرف)درآمدی محصولات)کے معاملے پر ان کی اپنی کابینہ میں شدید اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، مشہور صنعت کار اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک اور وائٹ ہاس کے تجارتی مشیر پیٹر نیرو کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس نے واشنگٹن کی سیاسی فضا کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔

ایلون مسک جو ماضی میں ٹرمپ حکومت کے مشیرانہ اجلاسوں میں بھی شرکت کر چکے ہیں، انہوں نے پیٹر نیرو پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں احمق قرار دیا۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اینٹوں کا ڈھیر بھی پیٹر نیرو سے زیادہ عقلمند ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹر نیرو کی پالیسیاں امریکی صنعت کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور وہ عالمی تجارت کے بنیادی اصولوں کو بھی نہیں سمجھتے۔

جواب میں پیٹر نیرو نے ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایلون صرف گاڑیاں بیچتے ہیں، انہیں صرف اپنے کاروبار کی فکر ہے، انہیں ٹیرف یا بین الاقوامی تجارت کی کوئی سمجھ بوجھ نہیں۔یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ٹرمپ انتظامیہ نے چین، یورپ اور دیگر ممالک سے درآمد ہونے والی اشیا پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا، جس کا مقصد امریکی صنعت کو تحفظ دینا بتایا گیا تاہم اس پالیسی کے خلاف کئی امریکی صنعت کاروں، بالخصوص ٹیکنالوجی اور آٹوموبائل سیکٹر کے بڑے ناموں نے آواز اٹھائی، جن میں ایلون مسک بھی شامل ہیں۔